پٹنہ12نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) راشٹریہ جنتا دل کے قومی صدر کے عہدے کے لئے لالو پرساد یادو نے 10 ویں بار پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک کے سامنے جو چیلنج ہے، وہی چیلنجز آر جے ڈی کے سامنے بھی ہیں ۔انہوں نے پٹنہ میں واقع آر جے ڈی کے ریاستی دفتر میں انتخابی حکام جگدانند سنگھ کے سامنے پرچہ نامزدگی داخل کیا، اس کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں لالو نے ملک میں آمریت اور ایمرجنسی جیسی صورتحال ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں مرکز کی حکومت’’ ہوابازی والی سرکار ‘‘ ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بغیر کسی سوچ بچار کے نوٹ بندی کا فیصلہ لیا گیا جو کہ غیر معقول فیصلہ تھا اس کا خمیازہ ہر ایک طبقہ کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ لالو نے جی ایس ٹی کو واپس لئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ملک میں زیادہ تر لوگ اب اتنے تعلیم یافتہ نہیں ہیں کہ کیش لیس معاملہ کرسکیں ۔ ہوٹل کے بدلے پلاٹ کیس میں سی بی آئی کی طرف سے ایف آئی آر درج کئے جانے مکھوٹا کمپنی اور گمنام املاک کو لے کر ای ڈی اور انکم ٹیکس محکمہ کی طرف سے کی جا رہی کارروائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لالو نے الزام لگایا کہ یہ جان بوجھ کر ہمیں اور ہمارے خاندان کے ارکان کو پریشان کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔